جے پور،12 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے سابق وزیر اور بھارت واہنی پارٹی کے بانی گھنشیام تیواری بی جے پی میں واپس آگئے۔ یہاں بی جے پی کے ریاستی صدر دفاتر میں ریاستی صدر ستیش پونیا نے تیواری کا خیر مقدم کیا۔
پونیا نے کہا کہ تیواری نے پارٹی کی مرکزی قیادت سے بی جے پی میں واپسی کی درخواست کی تھی، جس کے بعد وہ اعزازکے ساتھ بی جے پی میں واپس آ رہے ہیں۔ تیواری نے کہا کہ بی جے پی کا نظریہ ان کی نگاہوں میں موجود ہے اور کچھ ضروری امور کی وجہ سے انہوں نے الگ ہوکر بھارت واہنی پارٹی تشکیل دی تھی، لیکن ہمیشہ وہ بی جے پی کے ساتھ تھے۔اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی باضابطہ طور پر کانگریس میں شامل نہیں ہوئے۔ وہ ایک بار کانگریس کے پلیٹ فارم پرضرور گئے لیکن وہ اس کے بنیادی ممبر نہیں بنے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ راجستھان کے رہنما اور بی جے پی سے کئی بار ایم ایل اے رہے گھنشیام تیواری کی وسندھرا راجے سے کبھی نہیں بنی۔ وہ 2018 کے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی سے الگ ہوگئے تھے۔ انہوں نے بھارت واہنی پارٹی تشکیل دی جس نے 2018 کے اسمبلی انتخابات میں 63 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا لیکن تیواری سمیت ان کے تمام امیدوار ہارگئے۔